پاکستان اسٹاک ایکسچینج، کے ایس ای 100 انڈیکس 225 پوائنٹس کمی سے 33 ہزار 932 پوائنٹس پر بند

678

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی کا رجحان غالب آ گیا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 34 ہزار کے نفسیاتی حد سے گر گیا اور 225.74 پوائنٹس کی کمی سے 33932.81 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

بدھ کو کاروبار کے دوران 61.62 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 30 ارب 70 کروڑ 49 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 33.37 فیصد کم رہا۔

نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے ہم نیٹ ورک، ہیسکول پٹرول، ٹی آر جی پاک، یونٹی فوڈز، میپل لیف، سوئی نادرن گیس کمپنی، چراٹ سیمنٹ، کے الیکٹرک، بینک آف پنجاب اور پاک انٹر بلک کے حصص سرفہرست رہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج  میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جس کے سبب ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 34222 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تاہم بعد ازاں عید اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث سرمایہ کار حصص فروخت کو ترجیح دینے لگے جس کے باعث تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 33787 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔

بعد میں ریکوری آنے سے مذکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 225.74 پوائنٹس کی کمی سے 33932.81 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 127.71 پوائنٹس کی کمی سے 14795.312 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 225.74 پوائنٹس کی کمی سے 24370.17 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مندی کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 64 کھرب 99 ارب 46 کروڑ 12 لاکھ  روپے سے کم ہو کر 64 کھرب 68 ارب 75 کروڑ 63 لاکھ روپے ہو گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروباری حجم 16 کروڑ 51 لاکھ ایک ہزار شیئرز رہا جو منگل کی نسبت 8 کروڑ 26 لاکھ 97 ہزار شیئرز کم ہے۔ اسی طرح بدھ کو مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 120 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،212 میں کمی اور 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 39.50 روپے کے اضافے سے 1639.50 روپے اور پاک سروسز کے حصص کی قیمت 39.34 روپے کے اضافے سے ایک ہزار روپے ہو گئی جبکہ صنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت 51.75 روپے کی کمی سے 967.39 روپے اور سیپ ہائر فائبر کے حصص کی قیمت 44.99 روپے کی کمی سے 650.01 روپے پر آ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here