حکومت کو پہلی مرتبہ کم شرح پر سکوک کے ذریعہ 200 ارب روپے حاصل

 پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مسابقتی بک بلڈنگ عمل کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی گئی، ترجمان وزارت خزانہ

1039

اسلام آباد: وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ حکومت نے  کراچی انٹربینک آفرڈ ریٹ (کائیبور) سے کم شرح پر سکوک کے ذریعہ 200 ارب روپے حاصل کر لیے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں ترجمان نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مسابقتی بک بلڈنگ عمل کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی، اس عمل کے ذریعہ 10 برسوں میں  قرضوں کی ادائیگی میں 18 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس عمل میں لین دین کی موجودہ  شرح سے 70 فیصد زائد دلچسپی دیکھنے میں آئی اور اس ضمن میں وزارت خزانہ کے ڈیبٹ آفس کی ٹیم، سیکورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، سٹیٹ بنک اور پاکستان سٹاک ایکسچینج نے مثالی کوششیں کی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اس حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ذریعے 200 ارب روپے کے سکوک بانڈز کے اجراء کے حوالہ سے تاریخی مالیاتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانڈز کی فروخت کے ہدف سے 170 فیصد زیادہ سبسکرپشن ہماری حکومت کی پالیسیوں پر سرمائے کی مارکیٹ کے مستحکم یقین کی عکاسی ہے۔ اس سے حکومت کو 18 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے اور بچائی گئی یہ رقم اب عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here