امریکہ نے ایران کی ماہان ایئر کیلئے کام کرنے پر چینی لاجسٹکس کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا

ماہان ایئر ایران کے تکنیکی ماہرین اور آلات کے لیے چین سے حاصل کردہ مواد کا استعمال کر کے وینزویلا کے صدر کی حمایت میں چارٹر پروازیں چلا رہی ہے: امریکی وزیر خزانہ خزانہ

748

واشنگٹن: امریکہ نے ایرانی ایئر لائن ماہان ایئر کے لیے کام کرنے پر چینی کمپنی شنگھائی سینٹ لاجسٹکس لمیٹڈ  کو بلیک لسٹ کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں ایران کی پاسداران انقلاب کی حمایت کرنے پر بلیک لسٹ کی گئی ایرانی ایئر لائن ماہان ایئر کے وینزویلا کے لیے پروازیں چلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چین کی شنگھائی سینٹ لاجسٹکس لمیٹڈ کمپنی ماہان ایئر کے لیے جنرل سیلز ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہے جس پر چینی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔

اس اقدام کے تحت امریکہ میں اس کمپنی کے اثاثے منجمد کر دیئے جائیں گے اور امریکیوں کو چینی کمپنی کے ساتھ کسی بھی لین دین سے روک دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کہا کہ ماہان ایئر ایران کے تکنیکی ماہرین اور آلات کے لیے چین سے حاصل کردہ مواد کا استعمال کر کے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حمایت میں چارٹر پروازیں چلا رہی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اس اقدام سے یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ چین یا کہیں بھی بعض کمپنیاں ابھی بھی ماہان ایئر کو خدمات فراہم کر رہی ہیں جنہیں ممکنہ امریکی پابندیوں کا خطرہ ہے۔

دوسری جانب چین نے ان پابندیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنی غلطی کو ٹھیک کرے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زہاؤ لجیان نے کہا کہ عالمی برادری کے لئے یہ جائز اور قانونی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ  بین الاقوامی قانون کے مطابق باہمی فائدے  اور تعاون کے لیے روابط رکھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here