واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وباء سے متعلق بروقت معلومات کی فراہمی میں ناکامی کے باوجود چین کی حمایت اور بدانتظامی کے الزامات عائد کرتے ہوئے 30 روز کے اندر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ مستقل طور پر معطل کرنے کی دھمکی دے دی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کی رکنیت ترک کر دے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے ٹوئٹر پرعالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینوم گیبریسس کے نام پوسٹ کیے گئے خط میں لکھا کہ اگر عالمی ادارہ صحت نے آئندہ 30 روز کے اندر کورونا وائرس کی وباء سے متعلق تحقیقات میں بڑے پیمانے پر بہتری لانے کا عہد نہیں کیا تو وہ ادارے کے لیے امریکی امداد کی عارضی معطلی کو مستقل میں تبدیل کر دیں گے اور اپنی رکنیت پر بھی نظر ثانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی رکنیت بحال رکھنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ وہ چین سے آزادانہ معلومات کا مطالبہ کرے۔ ان کی انتظامیہ نے پہلے ہی عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس کے ساتھ اصلاحات پر بات چیت شروع کردی ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق اپنے فرائض شفاف انداز میں سرانجام نہیں دیئے۔
امریکی صدر نے کورونا وائرس کی وباء بارے بروقت معلومات کی فراہمی میں ناکامی کے باوجود چین کی حمایت اور بدانتظامی کے الزامات عائد کرتے ہوئے گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دی تھی۔
امریکی حکومت عالمی ادارہ صحت کے بجٹ کا 15 فیصد اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 9 فیصد سے زیادہ فنڈنگ فراہم کرتے ہیں جبکہ چین اور آسٹریلیا عالمی ادارہ صحت کو ایک فیصد فنڈنگ بھی فراہم نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 92 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔