اسلام آباد: کووڈ19- کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 20.33 فیصد جبکہ اپریل 2020ء کے دوران درآمدات میں 54.86 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20 کے دوران درآمدات کا حجم 11.89 ارب ڈالر رہا تھا۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی ملکی درآمدات میں 2.41 ارب ڈالر یعنی 20 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی بی ایس کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات 54.86 فیصد کی کمی سے 580.337 ملین ڈالر تک کم ہوگئیں جبکہ کروڈ آئل کی درآمدات کا حجم 86.5فیصد کمی ہوگیا اور اسی طرح مائع قدرتی گیس کی درآمد میں 52.22فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس (کووڈ19-)کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کے اقدامات سے ٹرانسپورٹ کی بندش سے درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی جس کی وجہ سے قومی خزانہ پر ادائیگیوں کے دباؤ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔