حکومت کا ٹرین آپریشن جزوی بحال کرنے کا اعلان

20 مئی سے ایس او پی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے 15 ٹرینیں چلائی جائیں گی، اچھے نتائج سامنے آئے تو یکم جون سے مزید ٹرینیں چلائی جائیں گی، شیخ رشید

647

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 مئی سے ایس او پی اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے 15 ٹرینیں چلا دی جائیں گی، اگر اچھے نتائج سامنے آئے تو یکم جون سے مزید ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسافروں کو چھوڑنے اور لے جانے کے لئے سٹیشنوں پر نہ آئیں، ایس او پی پر عملدر آمد نہ ہونے کی ذمہ داری ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پر عائد ہو گی۔

پیر کو وزارت ریلوے کے میڈیا سنٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث ٹرین آپریشن معطل ہونے سے ریلوے کو ماہانہ پانچ ارب کا نقصان ہوا ہے۔ ریلوے وفاق کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن اور ٹرین کے اندر ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔ ٹرین پر سفر کے لئے کسی عمر کے مسافر پر کوئی پابندی نہیں تاہم  مسافر ایک گھنٹہ قبل سٹیشن پر پہنچیں اور اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑنے والے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کے ساتھ ساتھ ریلوے کے افسران اور مزدوروں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک بھی چھٹی نہیں کی۔ ٹرین اور ٹریک پر کام کرتے رہے ہیں۔

منگل کو ریلوے کے افسران ٹرین چلانے کی ریہرسل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ڈویژن کے ٹریک کا بھی معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منگل کو پشاور کا دورہ کریں گے جبکہ بدھ کو گرین لائن ٹرین کو الوداع کریں گے، اسی طرح ملتان اور لاہور سمیت تمام بڑے سٹیشنوں کا دورہ کروں گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here