پنجاب حکومت کا ٹرانسپورٹ کھولنے، کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان 

آن لائن ٹیکسی سروس کو بھی کام کی اجازت، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، مسافروں، ٹرانسپورٹ عملے کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار

693

لاہور: وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے عام آدمی کو سہولت دینے اور آمد و رفت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے اورمسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پٹرولیم کی مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی سے عام آدمی کو بہت ریلیف ملے گا-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس کو بھی کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا- مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے- بسوں میں سینی ٹائزرز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا-

وزیر اعلی بزدار نے کہا کہ امیر لوگ تو گاڑیوں پر سفر کر رہے ہیں جبکہ غریب کی ٹرانسپورٹ بند ہے اور اسے آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے – ہم نے عام آدمی کی سفری مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انٹرسٹی و انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے-

ان کا کہنا تھا کہ بس اڈوں پر بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے جاری ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا- ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچنے کے بعد بس کو ڈس انفیکشن کیا جائے گا-

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں کورونا کی روک تھام کے لئے قائم کابینہ کمیٹی کا خصوصی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بڑے شاپنگ مالزکو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاورلومز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم اس ضمن میں محکمہ صنعت کو جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنا ہو ں گے-

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کے روز عبادت کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے – انہوں نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا بلکہ ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے لیکن ہم نے اپنے لوگوں کو کورونا سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی- شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں-

عثمان بزدار نے کہا کہ جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عید کے حوالے سے علیحدہ حکمت عملی مرتب کی جائے اور اس ضمن میں اگلے ہفتے حتمی پلان پیش کیا جائے- اجلاس میں کورونا وباء سے پیدا شدہ تازہ ترین صورتحال، روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات، زیر علاج مریضوں کو فراہم کی گئی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد بازاروں اور مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا-

صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،کمشنر لاہورڈویڑن، سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت، عسکری حکام، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری محنت، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک اورچیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here