اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وٹیکسٹائل عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کے حکومت برآمدات کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی یے،میکسیکو کے ساتھ چاول کی برآمدات کے امکانات روشن ہیں۔
ایک بیان میں مشیر تجارت نے کہا کہ میکسیکو کے ساتھ چاول کی برآمد رکی ہوئی ہے کوشش ہے کہ میکسیکو کو چاول کی برآمدات جلد شروع ہو جائے، میکسیکو سے چاول سے متعلق وفد آئندہ 2 ماہ تک پاکستان کا دورہ کرے گا اور پاکستان کے برآمد کنندگان کو چاول برآمد کرنے کی اجازت دینے کے لیے جانچ پڑتال کرے گا۔
انہوں نے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(آر ای اے پی)کے ممبران سے کہا کے وہ اس ضمن تیاری کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ برآمدکندگان کی منظوری ہو سکے، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وفد کے دورہ سے پاکستانی چاول کو میکسیکو کی منڈی تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔
علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ “میڈ ان پاکستان “پالیسی حکومت کی اولین ترجیح یے، صحت اور سیفٹی کی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے برآمدی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19سے بڑی تبدیلی آئی ہے اور کاروبار کے طریقہ کار تبدیل ہو گئے ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں ہمشہ نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، حکومت برامدات کے فروغ اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے ٹیکسٹائل، زراعت، انجینئرنگ سمیت معیشت کے تمام شعبوں پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت چاہتی ہے کہ خام مال پر ڈیوٹی کم ہو اور ٹیکس ادا نہ کرنے والے کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معاشی سرگرمیوں متاثر ہوئے سے گزشتہ سال کے مقابلے میں اپریل 2020ء کے دوران برآمدات میں 54 فیصد کمی آئی ہے، رواں مالی سال کے 10 ماہ جولائی، اپریل 2019.20 کے دوران مجموعی برآمدات میں چار فیصد کمی آئی ہے۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ فروری 2020ء کے دوران برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم مارچ 2020ء میں 6.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ میڈ اِن پاکستان پالیسی حکومت کی ترجیح ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کو کم کیا جائے اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔