ای سی سی نے کورونا سے متاثرہ مزدوروں اورمحنت کشوں کیلئے  ہنگامی کیش معاونت کی منظوری دیدی

646

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا وائرس کی عالمگیر وباء سے متاثر ہونے والے مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے ہنگامی کیش معاونت کی منظوری دیدی۔

اجلاس کی صدارت وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کی۔ وزیراعظم عمران خان نے تین مارچ کو اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی وباء نمٹنے کیلئے وزیراعظم معاونتی فنڈ 2020 کو ان مزدوروں اورمحنت کشوں پراستعمال کیا جائیگا جن کا روزگار لاک ڈاون کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔

اس اعلان میں وزیراعظم نے فنڈز کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعہ تقسیم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ہر ایک عطیہ شدہ روپیہ کے ساتھ حکومت فنڈز میں 4 روپے فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف پیکج میں محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے بی آئی ایس پی کو 75 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں۔ ان رقوم کی تقسیم کا طریقہ کار وزارت خزانہ، تخفیف غربت فنڈ اور بی آئی ایس پی نے مل کرمرتب کیا ہے۔

بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے احساس لیبر (کیٹگری فور) کے مستحقین  کیلئے کیٹگری تھری کے طریقہ کارکو اپنانے کی منظوری دی ہے۔ احساس فور میں شامل ہونے کیلئے درخواستیں احساس لیبر پورٹل کے ذریعہ وصول کی جائیں گی۔

کامیاب درخواست گزاروں کو بی آئی ایس پی کی ادائیگی کے موجودہ طریقہ کارکے تحت 12 ہزار روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کیلئے آبادی کے حساب سے حصہ مختص کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here