کورونا وائرس، پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 5 ارب روپے تک پہنچ گیا

ایوی ایشن کا عملہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف دوسری لائن میں برسرپیکار ، 7 ہزار پاکستانیوں کو ایک ہفتہ میں وطن واپس لایا جا رہا ہے، غلام سرور خان

626

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 5 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے‘ بے شک مجھ سمیت  پوری کابینہ کا احتساب کیا جائے تاہم ان لوگوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے جنہوں نے تین تین مرتبہ وزیراعظم اور چھ چھ مرتبہ وزارتوں میں رہ کر اس غریب ملک کو نقصان پہنچایا‘ نیب تحقیقات کا خیر مقدم کروں گا اور چاہتا ہوں کہ میرے 1970ء سے 2020ء تک تمام اثاثوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے شہری ہوا بازی کے سربراہ غلام سرور خان نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وباء کا شکار ہے اور ہر ملک میں ایوی ایشن آپریشن معطل ہوا۔ پاکستان میں بھی یہ صورتحال درپیش آئی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں زائرین‘ تبلیغی جماعت کے اراکین‘ طلباء اور دیگر ایک لاکھ پاکستانی اس صورتحال میں پھنس کر رہ گئے۔ انہیں واپس لانے کے لئے ترجیحات کا تعین کیا گیا۔ عمان اور یو اے ای سے قیدی بلامعاوضہ واپس لائے گئے۔ 25 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچا چکے ہیں۔ فرنٹ لائن پر ڈاکٹر اور طبی عملہ ہے جبکہ دوسری لائن میں ایوی ایشن کا عملہ کورونا کے خلاف برسرپیکار ہے اب تک ہمارے 17 اہلکار انتقال کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سات ہزار پاکستانیوں کو ایک ہفتہ میں وطن واپس لایا جارہا ہے۔ وہ عید اپنے پیاروں کے ساتھ کریں گے۔ امریکہ کے لئے طویل عرصہ سے بند براہ راست فلائٹ آپریشن بحال ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے باعث پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ پانچ ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ یہ خسارہ تین ارب روپے ماہانہ سے کم ہو کر ایک ارب روپے رہ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 40 سال سے سیاست میں ہوں۔ میرے خلاف نیب کی تحقیقات کی بات کی جارہی ہے میں ان تحقیقات کا خیر مقدم کروں گا۔ مجھ سمیت پوری کابینہ کا احتساب ہونا چاہیے۔ مگر ان کا احتساب بھی ہونا چاہیے جو تین تین مرتبہ وزیراعظم رہے اور چھ چھ مرتبہ وزیر رہے۔ 1970ء سے 2020ء تک میرے تمام اثاثوں کی تفصیلات اس ایوان کے سامنے رکھی جائیں۔ اس غریب ملک کو لوٹنے والوں سے بھی حساب لیا جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here