اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے شہریوں کے مسائل پر قابو پانے اور اس کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لئے ملک بھر میں تمام 83 جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) میں کمپیوٹرائزڈ پنشن ادائیگی کا نظام نافذ کردیا۔
پاکستان پوسٹ کے ترجمان کے مطابق صارفین کی سہولت کے لیے مجموعی طور پر پنشن ادائیگی کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی اشد ضرورت تھی جسے اب عملی شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ذاتی اور کاروباری ضروریات دونوں کی تکمیل کے لئے معاشرے کے مختلف طبقات کو وسیع پیمانے پر مصنوعات اور سروسز فراہم کرتا ہے۔ یہ روایتی سروسز پاکستان پوسٹ کا بنیادی کاروبار ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان پوسٹ یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کی حکمت عملی کے مطابق یونیورسل پوسٹل سروس نیٹ ورک فراہم کررہی ہے تاکہ سستی قیمت پر خوراک، رقم اور سامان کی محفوظ اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔