اسلام آباد: پاکستان میں تیزی سے ترقی کرنے والی آئل مارکیٹنگ کمپنی (او ایم سی) گیس اینڈ آئل لمیٹڈ (جی او) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے آؤٹ لیٹس پر الیکٹرک گاڑی کیلئے چارجنگ کی سہولت متعارف کرانے والی پاکستان میں پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی بن گئی ہے۔
کمپنی کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سویڈش ملٹی نیشنل کمپنی اے بی بی اٹلی کی طرف سے تیار کردہ الیکٹرک گاڑی کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے چارجرز لاہور میں ایکسپو سینٹر کے قریب جی او کی ملکیتی اور زیر انتظام COCO-3 سائٹ پر نصب کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
سازگار انجنئیرنگ نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک گاڑی کا ماڈل پیش کردیا
کیا الیکٹرک گاڑیاں پاکستان میں بگ تھری کی اجارہ داری کا خاتمہ کر سکیں گی؟
الیکٹرک وہیکلز پالیسی بن گئی، لیکن کیا پاکستان میں بجلی پر گاڑیاں چلانے کا منصوبہ کامیاب ہو پائے گا؟
چیئرمین اور سی ای او جی او خالد ریاض نے کہا ہے کہ ذمہ دار کارپوریٹ کمپنی ہونے کی حیثیت سے ان کی کمپنی ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیاں جلد پاکستان میں متعارف کرا دی جائیں گی اورہمارے صارفین ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو استعمال کرتے ہوئے جہاں بھی جانا چاہیں جی او کے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجرز انہیں سفری آزادی فراہم کریں گے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر جی او کے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے عمار علی طلعت، چیف سٹرٹیجی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ آفیسر نے کہا کہ جی او تمام اہم سائٹس بشمول موٹرویز اور بڑی قومی شاہراہوں پر الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجرز نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ الیکٹرک گاڑی استعمال کرنے والے صارفین بغیر کسی پریشانی اور جی او کے کسی بھی آؤٹ لیٹس پر گاڑی کو چارج کرکے پورے پاکستان میں آسانی سے سفر کر سکیں گے۔