لاہور: پاکستانی ادویہ ساز کمپنی فیروز سنز لیبارٹریز لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ (بی ایف بی ایل) نے کورنا وائرس کے خلاف موثر پائی جانے والی دوا ریمڈیسویر (Remdesivir ) کی تیاری اور فروخت کیلئے عالمی ادویہ ساز کمپنی Gilead Sciences کے ساتھ معاہدہ طے کر لیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں فیروز سنز لیبارٹریز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم پراعتماد ہیں کہ جیسے ہیں دوا کی پیداوار شروع ہوئی پاکستان میں مریضوں کی ضرورت کے مطابق مناسب مقدار میں دستیاب ہو گی اور درآمد بھی کی جا سکے گی۔ اس حوالے سے تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ محکموں کے ساتھ بھی کام جاری ہے۔
Gilead Sciences نے بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ کے علاوہ چار دیگر ایشیائی مینوفیکچررز کے ساتھ دوا کی تیاری کیلئے معاہدے کیے ہیں جن میں جوبیلینٹ لائف سائنسز، Hetero، Cipla اور Mylan شامل ہیں اور یہ دوا 127 ممالک میں فروخت کیلئے بھیجی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق مذکورہ کمپنیاں اس دوا کی تیاری کیلئے مطلوب ٹیکنالوجی Gilead سے حاصل کریں گی تاکہ زیادہ مقدار میں دوا کم مدت میں تیار کی جا سکے۔
واضح رہے remdesivir وہ دوا ہے جس کی امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے حال ہی میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کے لیے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے۔
دوا کے استعمال کے دورانیے کے حوالے سے ابھی کلینیکل ٹرائل جاری ہیں اور مرض کی شدت کو دیکھتے ہوئے اس کے پانچ سے دس دن تک استعمال کی تجویز دی گئی ہے۔