لاہور: وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اب تک 32لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جاچکی ہے اور حکومت کے پاس گوداموں مجموعی طور پر 35لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ 91 فیصد سے زائد باردانہ کاشتکاروں میں تقسیم کیا جا چکا ہے۔ گندم خریداری مہم کا تقریباً 73 فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت منگل کے روز وزیر اعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم خریداری مہم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک،سیکرٹری زراعت اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال کے کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ سیکرٹری خوراک نے گندم خریداری مہم کے بارے میں بریفنگ دی-
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت ہدف کے حصول تک گندم خریداری مہم جاری رکھے گی، غیر معمولی حالات میں ہمیں فوڈ سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے، کورونا وباء کے باعث ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے، موجودہ حالات کو مد نظر رکھ کر غیر معمولی اقدامات کرنا ہو ں گے-
انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کا ہدف پورا کرنے والے اضلاع کے متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے اضلاع کے افسروں سے باز پرس ہو گی-
وزیر اعلی عثمان بزدارنے گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس کے تحت کارروائی جاری رہے گی –