رشکئی اکنامک زون کے ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار افراد کو روزگار ملے گا: سرمایہ کاری بورڈ

624

اسلام آباد:  چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت خصوصی اقتصادی زون رشکئی سے ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے قریب موٹر وے پر واقع رشکئی اقتصادی زون پر کام تیزی سے جاری ہے، رشکئی اقتصادی زون (ایم ون نوشہرہ) کیلئے 2000 ایکڑ اراضی حاصل کی جا چکی ہے اور صنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے اہم ترجیحی خصوصی اقتصادی علاقہ رشکئی کے ترقیاتی معاہدہ سمیت چاروں صوبوں میں 10 خصوصی اقتصادی علاقوں کے قیام کی منظوری دی تھی جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ خصوصی اقتصادی علاقوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لئے وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے سپیشل اکنامک زونز ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔

دوسری جانب سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق پاکستان میں شاہراہوں کی تعمیر کے تحت شاہراہ قراقرم پر حویلیاں سے تھاکوٹ اور موٹر وے کے منصوبے ایم فائیو پر ملتان سے سکھر تک سڑک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق رواں سال میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت سماجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سی پیک کے تحت چھوٹے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں سکولوں کی تزئین و آرائش، ہسپتالوں کے نظام میں جدت، غربت میں کمی، ماڈل ویلج کا قیام اور عوام کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔

سی پیک اتھارٹی کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے قومی معیشت کے فروغ اور غربت میں کمی لانے میں نمایاں مدد ملے گی، موجودہ حکومت نے پہلے دن سے  سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی گئی۔ اس سے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here