اسلام آباد: کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث کم ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے علاوہ دنیا کے ترقی یافتہ اور امیر ممالک کے معیشتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق رواں سال 2020ء کے دوران عالمی تجارت میں 13 تا 32 فیصد کمی کا خدشہ ہے تاہم 2021ء میں بہتری متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء سے کم متاثرہ ممالک میں بھی عالمی سپلائی چین سے منسلک پروڈیوسرز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکہ، چین، جاپان، جرمنی، فرانس، برطانیہ اور اٹلی جیسے ترقی یافتہ ممالک بھی کووڈ۔19 کی حالیہ وباء سے متاثر ہوئے ہیں۔
ان ممالک کا مجموعی عالمی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ 60 فیصد ہے جبکہ مینوفیکچرنگ کی تجارت میں ان ممالک کا حصہ 65 فیصد ہے اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی عالمی برآمدات میں 40 فیصد حصہ ہے۔
پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک بھی وباء کے متاثرین میں شامل ہیں جہاں پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں میں سست روی کا رجحان ہے اور بعض دیگر ممالک کو بھی سامنا ہے۔