تہران: خلیج فارس میں ایرانی بحریہ کی تربیتی مشقوں کے دوران میزائل حادثاتی طور پر ایران ہی کے جنگی بحری جہاز پر جا گرا جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ایرانی فوج اور مقامی میڈیا کے حوالہ سے بتایا کہ یہ واقعہ خلیج فارس کے علاقہ میں جاری بحری تربیتی مشقوں کے دوران اس وقت پیش آیا جب مشقوں میں شریک ایک ایرانی بحری جنگی جہاز ”جماران“ سے داغا گیا ایک میزائل حادثاتی طور پر بندر جاسک شہر کے قریب ایران ہی کے ”کونارک“ نامی جنگی بحری جہاز پر جا گرا۔
ایران کے نیم سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق کونارک بحری جہاز نے ایک ہدف سمندر میں چھوڑنا تھا جسے جماران بحری بیڑے سے داغے گئے میزائل سے نشانہ بنایا جانا تھا تاہم ہدف چھوڑنے کے بعد کونارک بحری جہاز بھی ہدف کے انتہائی قریب ہی موجود رہا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہو گئے جن میں 2 ملاحوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
ایرانی بحریہ کے مطابق اس واقعے کی تکنیکی تحقیقات جاری ہیں، کونارک میزائل بردار جنگی بحری جہاز ایران ہی میں تیار کردہ ہے۔