کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں اتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس 36 پوائنٹس گراوٹ سے 33 ہزار 267 پوائنٹس پر بند ہوا۔
غیرملکی سرمایہ کاروں نے گزشتہ سیشن (جمعرات) کو مجموعی طور پر 3.96 ملین ڈالر کے شئیرز فروخت کیے۔
جمعہ کے کاروباری روز کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور 197 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس 33ہزار 501 پوائنٹس کی سطح پر گیا۔ تاہم، یہ مثبت رجحان کچھ ہی دیر میں ختم ہوگیا اور 145 پوائنٹس کمی سے 33 ہزار 159 پوائنٹس کی سطح پر آگیا اور کاروبار کا اختتام 36 پوائنٹس گراوٹ سے 33 ہزار 267 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں صرف 37 پوائنٹس اضافے سے یہ 54 ہزار 98 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر اندیکس میں 31 پوائنٹس اضافے سے 23 ہزار 682 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مجموعی کاروباری حجم گزشتہ سیشن (جمعرات) کو 175.8 ملین سے کم ہو کر 88 ملین رہ گئے تھے۔ تجارتی قدر میں اوسطََ 51 فیصد یعنی 46.8 ملین ڈالر سے کم ہو کر 23.9 ملین ڈالر ہو گئی۔ یونیٹی فوڈز لمیٹڈ، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور میپل لیف سیمنٹ فیکٹری کاروباری روز کے دوران سرِفہرست دکھائی دیے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، پاور جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن اور فوڈ اینڈ پرسنل کئیر کے شعبوں نے کاروبار میں مثبت کنٹری بیوشن کیا۔ دوسری جانب بینکنگ، کھاد اور آٹوموبائل اسمبلنگ کے شعبوں نے انڈیکس کو ریڈزون میں دھکیل دیا۔
دیگر کمپنیوں میں حب پاور کمپنی لمیٹڈ، نیسلے پاکستان لمیٹڈ اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ بھی مثبت رجحان میں نظر آئے جبکہ لکی سیمنٹ لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور آئی سی آئی پاکستان لمیٹڈ نے کاروبار میں منفی اثر ڈالا۔