دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر اب تک 99 ارب روپے خرچ کیے جا چکے

ڈیم پر پر رواں مالی سال 61 ارب روپے خرچ ہونگے، جن میں سے 22 ارب روپے دوبارہ آباد کاری پر جبکہ 39 ارب روپے دیگر تعمیراتی سرگرمیوں پر خرچ کیے جائیں گے: واپڈا حکام

658

اسلام آباد: دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر اب تک 99.238 ارب روپے کی رقم خرچ کی جا چکی ہے، اراضی کے حصول پر 93.9 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

واپڈا حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران منصوبے پر 61 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جس میں سے 22 ارب روپے دوبارہ آباد کاری پر جبکہ 39 ارب روپے دیگر تعمیراتی کاموں پر خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم اور اس سے متعلقہ ڈھانچہ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز رواں مالی سال 2019-20ء کے دوران ہو جائے گا جبکہ منصوبے کی تکمیل مارچ 2028ء تک متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

زمین کا تنازعہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے آڑے آنے لگا

مہمند ڈیم کی تعمیر شروع، 6 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

دیا میر بھاشا ڈیم کی زمین کے تنازع کے حل کے لیے 175 ارب روپے منظور

حکام نے بتایا کہ منصوبے کو 6 بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن کیلئے مرحلہ وار علیحدہ ٹھیکے دیئے جائیں گے۔ ڈیم اور اس سے ملحقہ ڈھانچہ کے تعمیراتی ٹھیکوں کے اجراء کیلئے شرائط کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے جس کا اجراء جلد ہو جائے گا۔

دیامر بھاشا ڈیم ایک کثیر المقاصد منصوبہ ہے جس سے پانی ذخیرہ کرنے، سیلاب میں کمی اور توانائی کی پیداوار کے مقاصد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

دیامر بھاشا ڈیم دریائے سندھ پر چلاس کے 40 کلومیٹر کے نشیبی حصہ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہو گی۔

اس منصوبے سے 4500 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے سسٹم میں سالانہ 18 ارب یونٹ سے زائد سستی اور ماحول دوست بجلی ملے گی۔ اس ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی عمر مزید 35 سال بڑھ جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here