پاکستان کی سمندری غذا کی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ

608

اسلام آباد:پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق سمندری غذا کی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ جولائی تا مارچ 2019-20ء سمندری غذا کی برآمدات 317.307 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران برآمدات کا حجم 293.895 ملین ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں سمندری غذا کی ملکی برآمدات میں 23.412 ملین ڈالر یعنی 8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن برآمدات میں 3 فیصد یعنی 3919 میٹرک ٹن کے اضافہ سے برآمدات کا وزن ایک لاکھ 29 ہزار 307 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں ایک لاکھ 33 ہزار 226 میٹرک ٹن تک بڑھ گیا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2019ء کے مقابلہ میں مارچ 2020ءکے دوران سمندری غذا کی برآمدات میں 16 فیصد (7.226 ملین ڈالر) کمی ہوئی ہے اور مارچ 2020ء کے دوران برآمدات کی مالیت 38.669 ملین ڈالر تک کم ہو گئی جبکہ مارچ 2019ءکے دوران سمندری غذاءکی برآمدات سے 45.895 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اسی طرح مارچ 2020ءکیلئے برآمدات کا وزن بھی 18 ہزار 614 میٹرک ٹن تک کم ہو گیا جبکہ مارچ 2019ءکے دوران 21 ہزار 279 میٹرک ٹن سمندری غذاءبرآمد کی گئی تھی۔

پی بی ایس کے مطابق مارچ 2019ءکے مقابلہ میں مارچ 2020ءکے دوران وزن کے لحاظ سے سمندری غذا کی قومی برآمدات میں 13 فیصد یعنی 2665 میٹرک ٹن کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here