کورونا وائرس: مزید 32 جاں بحق، ہلاکتیں 417، کیسز کی تعداد 18 ہزار 114 ہو گئی

مہلک کووِڈ 19 کی عالمگیر وبا نے 34 لاکھ سے زائد انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا، 2 لاکھ 39 ہزار 592 افراد ہلاک، 10 لاکھ 81 ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے  

648

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 417 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار 114 ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 4715 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 12 ہزار 982 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں 417اموات میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 161، سندھ میں 118، پنجاب میں 115، بلوچستان میں 16، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

پی کے ایل آئی میں مریضوں کیلئے بیڈ کم پڑ گئے

پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں کورونا مریضوں کے لیے بیڈ کم پڑ گئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے مزید مریضوں کو لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں اب تک 125 مریض زیر علاج رہ چکے ہیں اس وقت بھی 78 مریض موجود ہیں جب کہ کورونا وارڈ میں 75 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش تھی۔

انتظامیہ کے مطابق اس وقت اضافی بیڈز کے ساتھ 78 مریضوں کا علاج جاری ہے  لیکن اب پی کے ایل آئی میں مزید مریض رکھنے کی گنجائش نہیں ہے۔

ایکسپو سینٹر قرنطینہ کے مریضوں کا احتجاج، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

لاہور ایکسپو قرنطینہ سینٹر میں موجود کورونا وائرس کے مریضوں نے ناقص انتظامات، سہولتوں فقدان اور گندگی کے باعث انتطامیہ کیخلاف احتجاج کیا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟

موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا

کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ

کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی

ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا

وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی اور مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

علاوہ ازیں پنجاب کی آل پارٹیز پارلیمانی کمیٹی نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر تشویش کااظہار کردیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ آج تک مریضوں نے کبھی جلوس نہيں نکالا، لیکن ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں بیٹھے ہوئے مریض بطور احتجاج سینٹر سے باہر آ گئے۔

سندھ میں لاک ڈائون پورا رمضان جاری رکھنے کا اعلان

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے صوبے میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو پورے رمضان میں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن پورے رمضان تک جاری رکھا جائے گا، 23 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو ہی توسیع دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران برآمدی صنعتوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی، لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل کرنے والی صنعتوں کی تعداد 528 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کورونا کا پہلا مریض 

اسلام آباد ہائی کورٹ کی رِٹ برانچ میں کام کرنے والے ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملازم میں کورونا وائرس کی علامات سامنے آنے کے بعد ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

سات ملازمین میں سے چھ کی رپورٹس ابھی آنا باقی جبکہ ایک کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

سندھ میں 26 فیصد خواتین، 253 بچے کورونا کا شکار

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اہم اعدا و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں خواتین میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے لگی ہے اور حالیہ دنوں میں خواتین میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی کیسز کا 26 فیصد خواتین مریض ہیں، معصوم بچے بھی کورونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔ دس سال سے کم عمر کے 253 بچے کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداوشمار بتانے کا مقصد یہ ہے کہ کورونا ہمارے گھروں میں گھس چکا ہے کیونکہ ہم احتیاط نہیں کررہے۔

عالمی صورت حال

انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کووِڈ 19 کی عالمگیر وبا نے 34 لاکھ سے زائد انسانوں کو لپیٹ میں لے لیا جبکہ اب تک 2 لاکھ 39 ہزار 592 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وائرس کا شکار ہونے والے 10 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1900 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 65,766 ہو گئی ہے، جب کہ 11 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا کا معاشی قہر، عالمی کاروباری برادری نے طویل کساد بازاری کی پیشگوئی کردی

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

عالمی معیشت کو چار کھرب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے: اے ڈی بی

کورونا وائرس ، کساد بازاری سے ایشیاء میں ایک کروڑسے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے جائیں گے: رپورٹ

امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 36 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے، کووِڈ 19 سے متاثر 1 لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 24,069 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 15 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

یورپی ملک اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 28,236 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 78 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 15 سو کے قریب مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔

برطانیہ نے ہلاکتوں میں سپین اور فرانس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 739 سے زائد مریض ہلاک ہوئے، اور وائرس اب تک 27,510 افراد کی جانیں لے چکا ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا ہے، تاہم بتایا جا رہا ہے کہ برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی صحت یابی کا گراف نہایت کم ہے۔

سپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، سپین میں ہلاکتیں 24,824 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔

فرانس میں 24,594 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

بیلجیئم میں 7,703 مریض، جرمنی میں وائرس سے 6,736 مریض، برازیل میں 6,412، ایران میں 6,091 مریض، نیدرلینڈز میں 4,893 افراد، چین میں 4,633 (گزشتہ 5 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، کینیڈا میں 3,391، ترکی میں 3,258، سوئیڈن میں 2,653، میکسیکو میں 1,972، سوئٹزرلینڈ میں 1,754، آئرلینڈ میں 1,265، اور انڈیا میں 1,223، روس میں 1,169، پیرو میں 1,124، ایکواڈور میں 1,063، پرتگال میں 1,007، اور اسرائیل میں 225 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here