کورونا کے باعث جی 20 ممالک کی معیشت 4 فیصد سکڑ جائے گی: موڈیز

مہلک وائرس کے معاشی اثرات کی بدولت 2020 میں امریکا، یورو زون اور ترکی کی معیشت بھی سکڑ جائے گی، اگلا برس ریکوری کا ہوگا دارومدار پابندیوں کی مدت پر ہے: عالمی ریٹنگ ایجنسی

743

نیو یارک: عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نےکورونا وائرس کے باعث رواں برس گروپ 20 (جی20 ) ممالک کی معیشت 4 فیصد سکڑنے کی پیشگوئی کردی ہے۔

تاہم اسکا کہنا ہے کہ ان ممالک کی معیشت 2021 میں ریکور کرجائے گی اور اس میں 4.8 فیصد اضافہ ہوگا مگر دنیا کی معیشت کو کورونا وائرس سے پہلے والی سطح پر واپس جانے کے لیے دو سال کا عرصہ درکار ہوگا۔

ایجنسی کے مطابق معیشت کی ریکوری کا دارومدار حکومتوں کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے نکتہ نظر سے لگائی گئی پابندیوں کے ہٹائے جانے پر ہوگا۔ جتنی جلدی یہ پابندیاں ہٹیں گی اتنی جلدی معیشت ریکورکرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: 

عالمی تجارت میں 32 فیصد کمی متوقع، ترقی پذیر معیشتوں سے 100 ارب ڈالر کا انخلاء

موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا

آئی ایم ایف نے پاکستان سمیت 76 ممالک کے قرضے ایک سال کیلئے منجمد کردئیے

ادارے کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق رواں برس امریکی معیشت 5.7 فیصد سکڑے گی تاہم اگلے برس اس میں 4.2 فیصد ریکوری ہوگی۔

اسی طرح یورو زون کی معیشت  اس برس 6.5 فیصد سکڑنے اور اگلے برس 4.7 فیصد ریکور ہونے کا امکان ہے۔

موڈیز نے چینی معیشت کے حوالے سے پیشگوئی کی کہ یہ رواں برس 1.0 فیصد جبکہ 2021  میں 7.1 فیصد بڑھے گی۔

مزید برآں ترکی کی معیشت کے حوالے سے عالمی ریٹنگ ایجنسی کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ یہ رواں برس 5 فیصد سکڑے گی اور اگلے برس 3.5 فیصد ریکور ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here