اسلام آباد: پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ (پی اوایل) کے بعد ازٹیکس منافع میں جاری مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 24.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان سٹیٹ آئل کو مذکورہ مدت کے بعد از ٹیکس منافع میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں کمپنی کو 13.94 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 24.79 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں پی اوایل کو11.17 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔
جاری مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 49.13 روپے ریکارڈکی گئی، گزشتہ مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 34.37 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق 31 مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران پی اوایل کو5.378 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا اورفی حصص آمدنی 18.95 روپے رہی۔
گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پی اوایل کو3.287 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہواتھا جبکہ فی حصص آمدنی 11.58 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی لمیٹد کے بعد از ٹیکس منافع میں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کمپنی کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعدادوشمارکے مطابق 31 مارچ 2020ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران پی ایس اوکو 3.426 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پی ایس اوکو1.677 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔
مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.30 روپے رہی، گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں پی ایس او کی فی حصص آمدنی 3.57 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔
تاہم مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں پی ایس او کے بعد ازٹیکس منافع میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں پی ایس اوکو3.008 ارب روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا جبکہ فی حصص آمدنی 6.41 روپے ریکارڈکی گئی۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پی ایس او5.926 ارب روپے کا بعدازٹیکس منافع حاصل ہواتھا جبکہ فی حصص آمدنی 12.62 روپے رہی تھی۔