لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 20 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 301 ہو گئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 14079 ہو گئی ہے، وائرس کا شکار ہونے والے 3233 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 10 ہزار 545 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
کورونا وائرس کے اعدادوشمار کیلئے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں جاں بحق ہونے والے 301 افراد میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 104، سندھ میں 85، پنجاب میں 91، بلوچستان میں 14، گلگت بلتستان میں تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد چار ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی کورونا کا شکار
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا پر اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی جمال صدیقی کے مطابق گورنرسندھ نےگزشتہ روز اپنا ٹیسٹ کرایا تھا۔ اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ ‘عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے، انشا اللہ ہم اس وبا سےلڑیں گے، میں نے خودکو آئسولیٹ کرلیاہے، مجھے گزشتہ رات ہی خود کو قرنطینہ کرلینا چاہیے تھا، لیکن آج صبح کیا’۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ‘جن لوگوں سے میری ملا قاتیں رہیں ان کو بتادیا ہے، اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی کرارہا ہوں، عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے، طبیعت بہتر ہے کوئی پریشانی نہیں ہے’۔
لیگی سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد وہ آئیسولیشن میں چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیے:
گرمی سے کورونا وائرس کے ختم ہونے کی بات میں کتنی سچائی ہے؟
موڈیز نے معیشت سکڑنے سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ ظاہر کردیا
کورونا وائرس، لاک ڈائون سے پاکستان میں کساد بازاری کا خدشہ
کورونا کے باعث بقا کی جنگ لڑتی کاٹن جننگ انڈسٹری نے حکومت سے مدد مانگ لی
ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر دے گا
اس حوالے سے سینیٹر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے دورے کے دوران راشن کی تقسیم میں ان کا لوگوں سے میل جول ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں تاہم انہوں نے اپنے رابطے میں آنے والوں کو بھی ٹیسٹ کروانے پر زور دیا۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ انہوں نے مرزا محمد آفریدی سے بات کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہوں گے۔