کورونا کے بعد سماجی تحفظ اور معاشی بحالی کیلئے ‘رائز پنجاب’ کا آغاز

'رائز پنجاب' کے جامع فریم ورک میں چھ شعبے معاشی بحالی و استحکام، معاشرتی تحفظ، صحت، نظم و نسق کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ بہتری، تعلیم و انسانی سرمایہ کاری کی ترقی اور رسک مینجمنٹ شامل ہیں

638

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے بعد صوبے کی معاشی بحالی کیلئے ‘رائز پنجاب’ منصوبے کا افتتاح کردیا۔

اپنی صدارت میں ایک اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بزدار  نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان کے ویژن اور مصیبت میں لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون اور صحت کی سہولیات کو مستحکم کرنے جیسے بروقت اقدامات کرکے حکومت صورتحال کو قابو میں رکھنے میں کامیاب رہی ہے‘ انہوں نے اس جامع حکمت عملی کی تیاری کے لئے منصوبہ بندی و ترقیاتی بورڈ کی کوششوں کو بھی سراہا جو کورونا وائرس کے بعد کے عرصہ میں عوامی شعبے کی سرمایہ کاری کی سمت طے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:

لاک ڈائون کے دوران پنجاب میں کونسا کاروبار کھلا اور کونسا بند ہے؟

پنجاب میں کرایہ داروں سے دو ماہ تک کرایہ وصول کرنے یا بے دخل کرنے پر پابندی

ایم سی بی بینک کی جانب سے پنجاب کے ڈاکٹروں کیلئے ایک کروڑ کے ذاتی حفاظتی آلات کا عطیہ

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اسے ایک انتہائی اہم حکمت عملی سمجھتے ہیں کیونکہ اس سے صوبے کے آئندہ سالانہ ترقیاتی منصوبے (اے ڈی پی) کی سمت طے ہوگی اور امید ہے کہ رائز پنجاب اسٹریٹجک فریم ورک صوبے کی معیشت کو پٹری پر ڈالنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پلاننگ اینڈ ڈؤیلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی بورڈ) نے ڈیفڈ کی سب نیشنل گورننس (اسی این جی) ٹیم کے تعاون سے کورونا وائرس کے بعد عوامی سرمایہ کاری کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے‘ مذکورہ حکمت عملی کا بنیادی ایجنڈا نہ صرف کورونا وائرس کے اثرات کے بعد معاشی بحران سے نمٹنا ہے بلکہ اس بحران کا شکار ہونے والے کمزور لوگوں کی مدد کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘رائز پنجاب’ منصوبہ تیار کیا ہے جو کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال میں عوامی ضروریات کو پورا کرے گا‘اس حوالے سے حکومت پنجاب نے سماجی تحفظ اور معاشی بحالی کیلئے قابل قبول سرمایہ کاری کیلئے حکمت عملی کو مؤثر طریقے سے تیار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پنجاب کیلئے مستقبل کی معاشی ترقی کی حکمت عملی کا ایک فریم ورک ہے‘تمام ترقیاتی اسکیمیں‘ اقدامات، چاہے وہ مقامی طور پر مالی اعانت سے چلنے والے ہوں یا ڈونر سپورٹ ہوں، کو ’رائز پنجاب‘ کے تحت تیار کیا جائے گا۔

‘رائز پنجاب’ کا جامع فریم ورک چھ شعبوں پر مرکوز ہے جس میں معاشی بحالی و استحکام، معاشرتی تحفظ، صحت، نظم و نسق کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ بہتری، تعلیم و انسانی سرمایہ کاری کی ترقی اور رسک مینجمنٹ شامل ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑاہونا اور اس عالمی بحران کے دوران ان کا مکمل ساتھ دینا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی اینڈ ڈی نے متاثرہ عوام کو ریلیف پیکیج کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ ‘رائز پنجاب’ حکومت، اکیڈمیا، کاروباری، بین الاقوامی شراکت داروں کے بہت سے پیشہ ور افراد کی ایک باہمی تعاون کی کوشش ہے‘یہ منصوبہ عوامی سرمایہ کاری اور صف بندی کی پالیسیوں کیلئے اسٹریٹجک سمت فراہم کرے گا اور آئندہ سال کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کو تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ قلیل مدتی، درمیانی مدتی اور طویل مدتی جاری منصوبوں کی منظوری کے دوران استعمال ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here