حکومت کا چھوٹے کاروباروں کے 3 ماہ کے بل ادا کرنے، ملازمتوں سے فارغ افراد کو 12 ہزار فی کس دینے کا فیصلہ

ملازمتوں سے نکالے گئے 40 سے 60 لاکھ افراد افراد، 35 لاکھ کاروبار مستفید ہوں گے، امدادی پیکج کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اورآ زاد کشمیر پر ہو گا: حماد اظہر 

1808

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا وائرس کے باعث دیہاڑی داروں، مزدوروں اور ملازمتوں سے فارغ 40 سے 60 لاکھ افراد کے لیے 75 ارب روپے جبکہ چھوٹے کاروبار والوں کی مدد کیلئے 50 ارب روپے دو امدادی پیکج منظور کرلیے ہیں جو حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں منگل کو پیش کیے جائیں گے۔  

سوموار کو وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس نے 75 ارب روپے مالیے کے پیکج کی منظوری دی جس سے ملک بھر میں 40 لاکھ سے 60 لاکھ وہ افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جنہیں یا تو ملازمتوں سے نکال دیا گیا ہے یا پھر کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ شدہ لاک ڈائون کے باعث ان کی دیہاڑی اور مزدوری ختم ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ یہ پیکج احساس پروگرام سے الگ ہے، احساس پروگرام کے ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کے علاوہ یہ 60 لاکھ افراد الگ ہوں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ احساس پروگرام اور وزرات صنعت و پیدوار پورٹل لانچ کرے گی، ملازمتوں سے بے روزگار ہونے والے خودکو پورٹل پر رجسٹرڈ کرائیں گے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد پیکج کی تفصیلات وزرات صنعت و پیدوار اور احساس پروگرام کی ویب سائٹ پرڈالی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: 

وفاقی کابینہ کا اجلاس: 1200 ارب روپے کا معاشی ریلیف پیکج منظور، رینجرز کو سپلائی چین یقینی بنانے کی ہدایت

کورونا کے معاشی اثرات، ٹیلی کام سیکٹر کو بھی حکومت سے پیکج ملنے کا امکان

کورونا کی معاشی تباہ کاری: ریٹیل سیکٹر نے حکومت سے امدادی پیکج مانگ لیا

سرحد چیمبر کا کورونا وائرس سے متاثرہ چھوٹے تاجروں، صنعتکاروں کے لیے ریلیف پیکیج کا مطالبہ

کورونا، نجی کاروباروں کو ملازمین کی نوکریاں برقرار رکھنے پر مائل کرنے کے لیے نئی سکیم کا اعلان

انہوں نے کہا کہ صنعت، کاروبار، ملازمتوں سے متعلق اس پیکج کے تحت بے روزگار ہونے والوں کو فی کس 12 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروباروں کیلئے بھی 50 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی جس کے تحت چھوٹے کاروبار والوں کے3 ماہ کا بل حکومت اداکرے گی۔ اس پروگرام کا نام وزیراعظم کا چھوٹا کاروبار امدادی پیکج ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ چھوٹے تاجر جب بھی اپنے کاروبار کا بنیادی سلسلہ دوبارہ شروع کریں تو ان کے اگلے 3 ماہ کا بل حکومت پاکستان ادا کرے گی۔

 حماد اظہر نے کہا کہ اس پروگرام کو ایسے نافذ کریں گے کہ جتنے لوگوں اور کمپنیوں کا 5 کلو واٹ تک کا کمرشل کنکشن ہے، جو پورے پاکستان کے کمرشل کنکشنز کا 95 فیصد بنتا ہے اور 70 کلو واٹ صنعتی کنکشن رکھنے والے، جو تمام انڈسٹریل کنکشنز کا 80 فیصد بنتا ہے وہ اس پالیسی سے مستفید ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 32 لاکھ کمرشل کنیکشنز اور ساڑھے 3 سے 4 لاکھ چھوٹے تاجر اس پیکج سے مستفید ہوسکیں گے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کے مطابق پانچ کلوواٹ بجلی خرچ کرنے والے چھوٹے کاروبار اور 79 کلو واٹ بجلی خرچ کرنے والی صنعتوں کے تین ماہ کے بل حکومت اداکرے گی۔

وزیر صنعت نے کہا کہ اس پیکج کا حجم 50 ارب روپے ہے جو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لاگو ہے، اس پیکج سے کراچی کی صنعتیں بھی مستفید ہوسکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ان بندشوں کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے، اس اسکیم کے ذریعے چھوٹی دکانیں، کمرشل کنیکشن کی مارکیٹیں اور چھوٹی صنعتیں مستفید ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here