اسلام آباد: پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) کے خسارہ میں 31 مارچ 2020ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 11 گنا اضافہ ہوا ہے، خسارہ میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں کمپنی کی سیلز میں نمایاں کمی اور اخراجات میں اضافہ شامل ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کوبھیجے گئے مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا مارچ 2020ء کے لئے کمپنی کو 5.98 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے جبکہ جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران پی آر ایل کا خسارہ 473.73 ملین روپے رہا تھا۔
اس طرح سال 2019ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں سال 2020ء کے اسی عرصہ کے دوران پی آر ایل کے خسارہ میں 4.606 ارب روپے یعنی 11 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خسارہ میں اضافہ کے باعث کمپنی کے فی حصص خسارہ میں بھی اضافہ ہوا اور پی آر ایل کا خسارہ 1.11 روپے فی حصص کے مقابلہ میں 11.89 روپے فی حصص تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران سیلز میں 36 فیصد کی کمی سے سیلز 17.12 ارب روپے تک کم ہو گئی جبکہ جنوری تا مارچ 2019ء کے دوران پی آرایل کی سیلز کا حجم 26.80 ارب روپے رہا تھا۔
اسی طرح مالیاتی اخراجات بھی 306.09 ملین روپے کے مقابلہ میں 763.96 ملین روپے تک بڑھ گئے۔ سیلز اور مالیاتی اخراجات میں اضافہ کے باع کمپنی کے خسارہ میں 11 گنا کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔