اسلام آباد: جاپان نے کورونا وائرس کی عالمگیروباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے ضمن میں پاکستان کیلئے گرانٹ توسیع کرکے2.5 ارب روپے کردی ہے۔
یہ بات پاکستان میں جاپان کے سفیرمتسوداکوری نونی نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار سے ملاقات میں بتائی۔
جاپانی سفیر نے کہاکہ جاپان کی حکومت نے پاکستان کو وبائی مرض کی روک تھام کے لئے گرانٹ توسیع کر کے 2.5 ارب روپے کی ہے تاکہ پاکستانی عوام کو عالمی وباء کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ اس امداد سے وائرس پر قابو پانے اور معیشت کی بحالی کے پاکستان کی صلاحیت اوراستعداد میں بہتری آئیگی ۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ معاشی روابط تجارت اور متبادل صنعتوں کے شعبے میں مزید بہتری آئیگی۔
وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیارنے حکومت جاپان اور جاپان کے عوام کا پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کی قدر کرتا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کو مزیداستحکام ملے گا۔