اسلام آباد: غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹریژری بلز کی مد میں 200 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں ٹی بلز پر کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے تین ماہ سے ایک سال کے عرصہ کے لئے ٹی بلز میں سرمایہ کاری کی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے باعث روپے کی قدر میں 2.37 روپے اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی وباء کی وجہ سے عالمی سرمایہ کاروں نے ٹی بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری واپس لی جس سے ڈالر کے مقابلہ مٰں پاکستانی روپے کی قدر میں 6 فیصد یعنی 9.08 روپے تک کی کمی ہوئی اور اپریل کے پہلے ہفتہ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 167.89 روپے تک بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وباء کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے جلدی میں پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مد میں 2.69 ارب ڈالر کے ٹی بلز اور انویسٹمنٹ بانڈز فروخت کئے۔
معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ حالیہ وباء کے بعد ترقی یافتہ ممالک سرمایہ کاری پر انتہائی کم منافع کی پیش کررہے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زیادہ سے شرح منافع کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی ڈیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔