کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں گزشتہ سیشن(منگل) کو ہونے والی مندی سے معمولی بہتری آئی ہے، انڈیکس میں صرف 41 پوائنٹس اضافے سے یہ 32 ہزار 464 پوائنٹس پر بند ہوا۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کو گزشتہ سیشن (منگل) کو مجموعی طور پر 2.50 ملین ڈالر کے شئیرز فروخت کرنے سے نقصان ہوا تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمتیں گرنے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان ہوا ہے، جس سے سٹاک مارکیٹ کاروباری روز کے دوران زیادہ تر ریڈ زون میں رہی، تاہم بینکنگ سیکٹر کی جانب سے مثبت کاروبار کے باعث قدرے بحالی ہوئی۔
بدھ کے کاروباری روز کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز ہوتے ہی انڈیکس میں 529 پوائنٹس کمی ہوئی جس سے انڈیکس 31 ہزار 893 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ تاہم، انڈیکس میں کچھ بحالی سے 217 پوائنٹس ہی اضافہ ہوسکا جس سے انڈیکس 32 ہزار 640 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر گیا، لیکن کاروبار کا اختام صرف 41 پوائنٹس اضافے پر ہوا اور انڈیکس 32 ہزار 464 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی 325 پوائنٹس کمی سے یہ 51 ہزار 251 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس میں صرف پانچ پوائنٹس ہی شامل ہوئے اور یہ 22 ہزار 886 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری روز کے دوران 146 کمپنیاں مثبت جبکہ 129 کمپنیاں غیرمستحکم سمت میں رہیں۔
مجموعی طور پر مارکیٹ حجم میں 29 فیصد کمی ہوئی، میپل لیف سیمنٹ انڈسٹری، ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ اور ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی ہی افقی سمت میں دکھائی دیے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں سیمنٹ اور بینکنگ شعبے مثبت رہے، دیگر کمپنیوں میں ایم سی بی بینک، لکی سیمنٹ لمیٹڈ اور بینک الحبیب لمیٹڈ بھی مؤثر ثابت ہوئے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل تنزلی
بدھ کے کاروباری روز کے دوران طلب میں کمی اور سپلائی میں اضافے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے اور گرین بینک 159.96 روپے میں ٹریڈ ہورہا تھا۔
منگل کے کاروباری روز کے دوران میں بھی روپے کی قدر میں اضافہ ہوا تھا اور انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 2.37 روپے کمی آئی تھی جو 161.12 روپے تک آگیا تھا۔
ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے کمی آئی ہے۔