کورونا وائرس: دنیا بھر میں ‘کلوروکوئن’ کی قلت، پاکستان کا دوست ممالک کو دوا برآمد کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے پاس کلوروکوئن کا وافر سٹاک اور دوا کی مزید تیاری کے لیے خام مال بھی موجود ہے: فردوس عاشق اعوان

928

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہونے والے ملیریا کی دوا ‘کلوروکوئن’ دوست ممالک کو برآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہفتہ وار کابینہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ سعودی عرب اور امریکہ کو بالترتیب 10، 10 لاکھ کلوروکین کی گولیاں، ترکی اور اٹلی کو پانچ، پانچ لاکھ، برطانیہ کو 50 لاکھ، قزاکستان کو 7 لاکھ اور قطر کو 3 لاکھ  گولیاں بھیجی جائیں گی۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ کچھ ممالک کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے پاکستان سے مذکورہ دوا درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پاکستان کے پاس چار کروڑ کلوروکوئن کا سٹاک موجود ہے اور دوا کی مزید تیاری کے لیے خام مال بھی موجود ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے تعمیری انڈسٹری سے سروس سے متعلق مختلف طرح کے ٹیکس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پانچ فیصد ٹیکس پراپرٹی ڈیلرز، پراپرٹی ڈویلپرز اور دیگر سروس کے حوالے سے لیا جا رہا تھا جو معاف کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

انسانوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش، کیا کورونا وائرس کے پیچھے بل گیٹس کا ہاتھ ہے؟

مقامی کمپنیوں نے جان بچانے والی ادویات کی پیداوار روک دی

وفاقی کابینہ میں ردوبدل ، خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی جانے والی کم لاگت ہاؤسنگ یونٹس سے بھی ٹیکسوں کو زیرو ریٹڈ کیا گیا ہے، کابینہ اجلاس میں مسابقتی کمیشن پاکستان کی تنظیم سازی اور اصلاحات کی تجویز ک منظوری بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے استعمال سے مسابقتی کمیشن پاکستان کی تعمیرنو کی جائے گی، معاونِ خصوصی نے بتایا کہ مسابقتی کمیشن کے خلاف 27 درخواستیں دائر کی گئیں تھیں، ملز مالکان کی جانب سے 27 ارب روپے کے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے، چند کیسز دہائی سے زیرِ التوا ہیں اور مسابقتی کمیشن میں کچھ عناصر مافیا کو اس عمل میں تاخیر کرنے کے لیے سہولت فراہم کررہے تھے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم نے مسابقتی کمیشن کے معاملات سے متعلق برہمی کا اظہار کیا ہے اور ایسے عناصر کو کیفرِکردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کابینہ کی جانب سے اقلیتوں کے لیے نیشنل کمیشن کی تنظیمِ نو کے لیے تجویز کی منظوری دی گئی جس مقصد کے لیے اقلیتی برادری کے نمائندوں کو منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ آئی پی پیز کے خلاف خردبرد کرنے کے الزام میں تفتیش کی جا رہی ہے، حکومت رپورٹ منظرِ عام پر لائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here