اسلام آباد: ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عرفان وہاب نے وزیراعظم عمران سے ملاقات کرکے اپنی کمپنی کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ میں پانچ کروڑ کا چیک پیش کیا۔
سی ای او ٹیلی نار نے کورونا ریلیف فنڈ میں کمپنی کی جانب سے 1.6 ارب روپے کا امدادی پیکج دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ میں ٹیسٹنگ کٹس، میڈیکل سٹاف کے لیے حفاظتی سامان اور راشن کی فراہمی شامل ہے، اس کے علاوہ ای لرننگ اور ڈیجیٹل سکلز کے فروغ کیلئے بھی اقدامات شامل ہیں۔
عرفان وہاب نے وزیراعظم کو بتایا کہ ٹیلی نار بھی پاکستان کی دیگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی طرح صارفین کو کورونا ریلیف فنڈ میں 6677 پر بذریعہ ایس ایم ایس فنڈ میں پیسے جمع کرانے کی سہولت دے رہی ہے۔
ٹیلی نار صارفین کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم براہِ راست ریلیف فنڈ میں جائیں گی۔ وزیراعظم نے ٹیلی نار پاکستان کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے ریلیف فنڈ کی فراہمی کے لیے خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور سینیٹر فیصل جاوید بھی اجلاس میں موجود تھے۔