مخیر حضرات کو مستحقین تک رسائی کیلئے ”احساس راشن پورٹل“ کا اجراء

قوم کورونا کو شکست دینے کیلئے متحد ہو کر لڑے،ہمارا چیلنج ترقی یافتہ ممالک سے بڑا، ہمیں اپنے لوگوں کو وائرس کے ساتھ ساتھ غربت سے بھی بچانا ہے: وزیر اعظم عمران خان

839

اسلام آباد : وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستا نی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ استقامت اور ثابت قدمی سے کیا ہے، مشکل کی ہر گھڑی میں قوم نے کمزور طبقوں کی دل کھول کر مدد کی ہے، ”احساس راشن پورٹل“ مخیر حضرات کو مستحقین تک پہنچنے اور راشن کی تقسیم کے نظام کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو احساس راشن پورٹل کے باقاعدہ اجراءکے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ”احساس راشن پورٹل“ کے بارے میں وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ”احساس راشن پورٹل“ مخیر حضرات ، فلاحی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کو مستحق افراد تک پہنچنے اور راشن کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔

راشن پورٹل احساس پالیسی فریم ورک کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے تاکہ جہاں یہ پلیٹ فارم ڈونرز کو مستحق افراد تک پہنچنے میں معاون ثابت ہو وہاں مستحقین کی معلومات کا تحفظ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ”احساس راشن پورٹل“ کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جا سکے گا کہ ڈونرز کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد اور راشن مستحق خاندانوں کے متعلقہ افراد تک پہنچ سکے اور اس نظام یا مستفید ہونے والے والی افراد کی معلومات کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔

”احساس راشن پورٹل“ کے ساتھ ساتھ راشن اور امداد کی تقسیم کے حوالے سے موبائل اپلیکیشن کا اجراءبھی آئندہ ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ”احساس راشن پورٹل“ کے اجراء  کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس  پورٹل سے  مخیر حضرات کو مستحقین تک پہنچنے اور راشن کی تقسیم کے نظام کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بعد ازاں ملک میں کورونا کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات  کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یورپ اور امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں میں ہے تاہم ہمارا چیلنج ترقی یافتہ ملکوں سے بڑا ہے ،ہمیں اپنے لوگوں کو کورونا کے ساتھ ساتھ غربت سے بھی بچانا ہے، اس سلسلہ میں احساس راشن پورٹل کا اجراءکیا گیا ہے جس کا مقصد غریب افراد کی مدد کرنا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، وفاقی وزیر حماد اظہر اور معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور معید یوسف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگرز فورس ایک رضاکار فورس ہے اور اسے بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ٹائیگرز فورس عوام کی مدد کیلئے بلامعاوضہ کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی غیر معینہ مدت تک لاک ڈاﺅن نہیں چل سکتا، کسی کو اندازہ نہیں ہے کہ صورتحال کب بہتر ہو گی، تمام قومیں سوچ رہی ہیں کہ کیسے ہلاکتوں سے بچا جائے اور صورتحال معمول پر لائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک عبادت کا مہینہ ہے، لوگوں کو مساجد میں جانے سے زبردستی نہیں روکا سکتا کیونکہ آزاد معاشروں میں لوگوں پر زبردستی نہیں کی جاتی۔

 انہوں نے کہا کہ مساجد کھولنے کیلئے علماءنے 20 نکات پر اتفاق کیا ہے جن پر لوگوں کو عمل کرنا ہو گا، سب کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ عبادت گھر پر ہی کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وباء کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالہ سے حکومت تمام وسائل اور اقدامات بروئے کار لار ہی ہے، قوم کورونا کو شکست دینے کیلئے متحد ہو کر لڑے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here