کراچی: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 1.4 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری کے مثبت اثرات پاکستان کی کرنسی پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 2.6 روپے یعنی 1.5 فیصد بہتری آئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز ڈالر روپے کے مقابلے میں 164 سے 164.5 روپے تک آ گیا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ شروع میں غیرمستحکم نظر آیا اور ایک ڈالر 166.95 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔
تاہم آئی ایم کی جانب سے پاکستان کے لیے 1.4 ارب ڈالر امداد کی منظوری کی خبر آنے کے بعد روپے کی قدر میں بتدریج بہتری آگئی۔
آئی ایم ایف یہ امداد کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دے رہا ہے۔ امداد کا فیصلہ آئی ایم ایف کی ایگزیکٹو بورڈ کمیٹی کے ایک اجلاس میں کیا گیا، پاکستان کے لیے 1.4 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا مقصد غیرملکی زرِمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور بجٹ کی تیاری میں معاوت کرنا ہے۔
حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ آئی ایم ایف سے ایف آر آئی (Rapid Financing Instrument) فنڈز کے تحت کورونا وائرس کے منفی اثرات کو زائل کرنےک لیے کم لاگت کے لیے تیزی سے تقسیم کرنے والے قرضے کی درخواست کی گئی تھی۔