اسلام آباد: خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے شروع کیے جانے والے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام (ای ای سی ٹی آئی) کے تحت تقسیم کی جانے والی رقوم پر ٹیکس ختم کردیا ہے۔
کے پی آر اے کے جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن کے مطابق استثنیٰ کی مدت 30 جون 2020 تک ہو گی، اس مدت میں توسیع یا ختم کرنے کا فیصلہ صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ کے پی آر اے نے احساس کیش پروگرام کی ریٹیلرز کے ذریعے دی جانے والی امدادی رقم سے سیلز ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ای ای سی ٹی آئی کا فریم ورک احساس کفالت پروگرام کے ذریعے بنایا گیا تھا جو بے نظیر انکم سپورٹ کے متبادل شروع کیا گیا تھا۔
تاہم نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا کہ حبیب بینک اور بینک الفلاح بغیر برانچ بینکنگ آپریٹر یا ریٹیلرز میں شامل کیے گئے ہیں، مذکورہ بینک کورونا ریلیف فنڈ کی امدادی رقم دیتے ہوئے سروس دینے کی غرض سے کسی قسم کا ٹیکس نہیں لیں گے۔
ایمرجنسی کیش فنڈ کی تقسیم کے دوران بینک چارجز یا کمیشن، وصولی، پیڈ یا پے ایبل کی کسی بھی قسم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔ نوٹی فکیشن کے تحت استثنیٰ کیے گئے آؤٹ پٹ ٹیکس کے خلاف کسی بھی قسم کے ٹیکس ان پٹ ایڈجسٹمنٹ قابلِ قبول نہیں سمجھے جائیں گے۔