اپریل میں ٹی بلز کی مد میں 412 ملین ڈالر غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلاء ہو چکا: سٹیٹ بینک

788

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ جولائی 2019 سے اب تک ملک میں ٹریژری بلز (ٹی بلز) میں مجموعی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے بھی کم (951 ملین ڈالر) رہ گئی ہے۔ 

سٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے اختتام سے ملک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلاء جاری ہے جس کا اثر ٹی بلز پر بھی پڑا ہے۔

مارچ 2020 کے دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 1.735 ارب ڈالر نکال لیے جبکہ اپریل 2020 میں اب تک 412 ملین ڈالر تک نکالے جا چکے ہیں۔

غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بنائے گئے ایس سی آر اے (Special Convertible Rupee Account (SCRA)) کے مطابق رواں ماہ 13 اپریل تک غیر ملکی سرمایہ کار 54 ملین ڈالر مالیت کے ٹی بلز کا انخلاء کرچکے ہیں۔

اس سے قبل 8 اپریل تک 82 ملین ڈالر کے ٹی بلز، 6 اپریل کو 73 ملین ڈالر کے ٹی بلز اور یکم اپریل کو 48 ملین ڈالر کے ٹی بلز کا انخلاء کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

 ٹی بلز کی نیلامی، سٹیٹ بنک آف پاکستان 551.7 ارب روپے حاصل کرنے میں کامیاب

سٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرِمبادلہ ذخائر 463 ملین ڈالر کم ہو کر 10.7 ارب ڈالر رہ گئے

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مجموعی سرمایہ کاری جولائی 2019 سے اب تک ایک ارب روپے سے کم رہ گئی ہے جبکہ اکتوبر 2019 میں ٹی بلز کی مالیت 441 ملین ڈالر رہ گئی تھی۔

درحقیقت، گزشتہ آٹھ ماہ سے مختلف ٹی بلز سرمایہ کاری میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا تھا۔ نومبر 2019 میں واضح طور پر 713 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری ٹی بلز میں ہوئی تھی اور جنوری 2020 میں بھی مجموعی طور پر 1.413 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس طرح مجموعی طور پر ٹی بلز میں سرمایہ کاری جولائی 2019 سے 15 ملین ڈالر سے بڑھ کر فروری 2020 تک 3.099 ارب ڈالر تک جا پہنچی تھی۔

لیکن مارچ 2020 میں غیر ملکی کرنسی یا ‘ہاٹ منی’ کا ملک سے انخلاء اسی طرح شروع ہوا جس طرح یہ  سرمایہ کاری کی رقم پاکستانی بینک اکاؤنٹس میں ڈالی گئی تھی، زیادہ تر سرمایہ کاروں نے کورونا وائرس کی وجہ سے رقم واپس نکلوا لی تھیں۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 13.25 فیصد پر برقرار رکھنے کے باجوود بھی پاکستان سے سرمایہ کاری کا انخلاء ہوا۔ لیکن پھر مرکزی بینک نے 17 مارچ کو شرح سود میں 75 پوائنٹس کمی کر کے 12.50 فیصد تک مقرر کر دیا، 24 مارچ کو ایک ہفتے کے بعد مزید 150 بیسز پوائنٹس کمی کر کے شرح سود 11 فیصد کر دی تاہم کورونا وائرس کے باعث معاشی سرگرمیوں کی بندش کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلا مزید بڑھے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here