لاہور: ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 15اپریل (بدھ) سے پیداواری عمل کا دوبارہ سے آغاز کریں گے۔
ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک خط میں بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کے چند انڈسٹریز کو لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ کرنے کے فیصلے کے تحت انکی کمپنی نے آپریشنز دوبارہ سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹریکٹر بنانے والی پاکستانی کمپنی ملت ٹریکٹرز نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا پروڈکشن پلانٹ اور دفاتر لاک ڈائون کی مدت ختم ہونے تک بند کر رہے ہیں۔
سٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ بیان میں ملت ٹریکٹرز کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جب حکومت لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان کرے گی تو ہم دوبارہ کام شروع کردیں گے لیکن لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ ہونے پر کمپنی تمام آپریشنز دوبارہ سے بحال کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی آٹو کمپنیوں نے بھی اپنے پروڈکشن پلانٹس اور دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی مدِ نظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی انتظامیہ نے مزید لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے انڈسٹریز کو نقصان سے بچانے کے لیے لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اور تمام حفاظتی تدابیر یقینی بنا کر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بدستور میڈیکل سٹورزاور اشیائے خورونوش کی دکانیں کھلی ہیں۔