انسانوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش، کیا کورونا وائرس کے پیچھے بل گیٹس کا ہاتھ ہے؟

ہوسکتا ہے بل گیٹس لوگوں کے سر میں مائیکرو چپ لگا کر یہ پتہ چلانا چاہتے ہوں کہ کس کا کورونا ٹیسٹ ہوا ہے اور کس کا نہیں، 5G ٹیکنالوجی کو بھی وائرس کا ذمہ دار سمجھتا ہوں: روجر سٹون

886

نیو یارک: دنیا کو مشکل ترین حالات میں دھکیلنے اور انسانیت کو جان کے لالے ڈال دینے والے لاعلاج کورونا وائرس کے  بارے میں طرح طرح کی باتیں زیر گردش ہیں کہ انھیں سازشی تھیوری بھی کہا جا سکتا ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ اس وائرس کی پیدائش کو مشکوک بتانے والی یہ سازشی تھوری یا تو کئی پڑھے لکھے افراد کی جانب سے بنائی گئی ہیں یا وہ اِن پر یقین رکھتے ہیں۔

تازہ خبر یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوست روجر سٹون نے یہ کہہ کر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے کہ ہو سکتا ہے کہ کورونا وائرس کی تخلیق میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا ہاتھ ہو۔

یہ بات انہوں نے معروف ریڈیو پروگرام دی آنسر (The Answer) کے میزبان  Joe Piscopo کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ بل گیٹس کا اس وائرس کے بنانے کا مقصد لوگوں کے سر میں مائیکرو چپس لگا کر یہ جاننا ہو کہ کس شخص کا کورونا ٹیسٹ ہوگیا ہے اور کس کا نہیں؟

روجر سٹون سیاسی مشیر اور مصنف ہیں اس کے علاوہ وہ سیاسی لابنگ  کیلئے بھی مشہور ہیں اور صدر ٹرمپ کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وائرس، دنیا کا ہر خطہ متاثر، کھربوں ڈوب گئے

ایمازون نے مائیکروسافٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، دنیا کی سب سے بڑی کاروباری کمپنی بن گئی

کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عالمی بینک پاکستان کو ایک ارب ڈالر اضافی رقم فراہم کرے گا

روجر کا پروگرام کے میزبان جوئے پسکوپو کیساتھ کورونا وائرس کے حوالے سے سازشی تھیوریز پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بل گیٹس کے کورونا وائرس کی پیدائش میں عمل دخل پر بہت زیادہ بحث ہورہی ہے اور ان کے حلقہ احباب میں ایسے لوگ ہیں جو قدامت پسند نظریات رکھتے ہیں اور اس چیز کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہیں لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو اس پر کامل یقین رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ( بل گیٹس) اور دوسرے افراد لوگوں پر ویکسین کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اور مائیکرو چپس کے ذریعے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا ان لوگوں کا کورونا ٹیسٹ ہوا یا نہیں۔

سٹون کا مزید کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی پیدائش کے لیے فائیو جی  ٹیکنالوجی کو ذمہ دار سمجھنے والے افراد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بل گیٹس کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے حوالے سے تحقیق کیلئے 45 ارب ڈالر کی امداد دے چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here