اسلام آباد: سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کی زیرِ صدارت سیلولر موبائل آپریٹرز(سی ایم او) کے مسائل سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق سی ایم او کے مسائل اخذ کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل کی گئی تھی، وزیراعظم آفس میں سی ایم او کے لائسنس ری رینیو کرنے اور سیٹلمنٹ کے حوالے سے تجاویز دی گئی تھیں۔
اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر میں اضافی سپیکٹرم مختص کرنے، لائسنس فریم ورکس کی تجدید کی باہمی رضامندی، ٹیکس اور رائٹ آف وے سے جڑے مسائل زیرِ بحث رہے۔
اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نادرا سے سمز کی بائیومیٹرک تصدیق میں پیسے کم کرنے کی درخواست کی گئی۔ نادرا عہدیداران نے اپنے بورڈ سے معاملے پر بات چیت کے لیے مہلت مانگی ہے۔ کمیٹی نے نادرا کو آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس دوران وزارتِ صنعت و پیداوار نے ٹیلی کام سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی تجویز پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیلی کام آپریٹرز نے اجلاس کے دوران پاکستان میں آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں خاص کر طلبا اور ملازمین کو کورونا وائرس کے باعث گھر پر کام کرنے کے لیے کوالٹی موبائل انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے اضافی سپیکٹرم کی نیلامی پر دلچسپی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان میں سپیکٹرم جلد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزارتِ کشمیر امور اور شمالی علاقہ جات میں معاملے کو ممکنہ قوانین کے تحت دیکھنے کی ہدایت کی جا چکی ہے۔
اجلاس میں تین ماہ کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کی تجویز کی تیاری کے علاوہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان جی ایس ٹی اور ایف ای ڈی سے متعلق ٹیکس ہم آہنگی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام انڈسٹری کو سروس میں خرابی سے بچاؤ کے لیے ڈیٹا پرائسسنگ سے متعلق مل کر تجویز بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں آئی ٹی منسٹری کے سینئر افسران، کیبینٹ ڈویژن، وزارتِ خزانہ، وزارتِ صنعت و پیداوار، ایف بی آر، پی ٹی اے کے عہدیداران، نادرا حکام اور سی ایم او کے اراکین نے شرکت کی۔