پروازوں کی بندش سے ایوی ایشن اتھارٹی کو تین ارب کا نقصان، پی آئی اے کا سٹاف کو چھٹیاں دینے کا فیصلہ

714

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے غیر ضروری اخراجات کم کرنے کے لیے سٹاف کو بامعاوضہ چھٹیوں (Paid Leave) پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق قومی پرچم بردار ائیرلائن کی انتظامیہ نے مختلف ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کو چھٹیوں کے روسٹر تیار کرنے کا حکم دیا ہے، پہلے گروپ کو 16 اپریل سے چھٹیوں پر بھیجا جائے گا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے باعث پیدا شدہ حالات کی وجہ سے فضائی آپریشنز متاثر ہوئے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ یہ صورت حال کب تک برقرار رہے گی اس لیے سٹاف کو روٹیشن کی بنیاد پر چھٹیاں دی جا سکتی ہیں تاہم انہیں تنخواہ ملتی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا وائرس: عالمی ایوی ایشن انڈسٹری  شدید متاثر، 113 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ

پروازوں کی بندش سے پی آئی اے مالی مشکلات کا شکار، عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی کا اعلان

دنیا بھر میں 160 ارب ڈالر بیمہ مالیت کے طیارے گرائونڈ، انشورنس کمپنیوں کو تحفظات

انتظامیہ کے مطابق چونکہ پروازیں بند ہونے سے افرادی قوت کا استعمال کم از کم ہو چکا ہے اس لیے غیر ضروری اخراجات سے بچنے کیلئے 10 دن کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ ماہ اندرون و بیرون ملک پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جس کی مدت اب 21 اپریل تک بڑھا دی گئی ہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے باعث ائیرناٹیکل چارجز کی عدم وصولی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مارچ کے دوران 3.194 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اس بات کا انکشاف پی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر بلنگ کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری اینڈ ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ کو بھیجی گئی ایک ای میل میں ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here