سابق سیکریٹری خوراک کی گندم کی برآمد میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی، تحقیقات کا مطالبہ

سابق سیکریٹری خوراک نسیم صادق نے وزیر خوارک کو 18جون 2019 کو ایک خط لکھ کر گندم کی برآمد اور اس پر ٹیکس چھوٹ کا جائزہ لینے کی درخواست کی لیکن انہیں اگلے ہی دن برطرف کردیا گیا

735

اسلام آباد: گزشتہ دو سالوں میں گندم کی برآمد سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ان انکشافات کا تعلق پنجاب کے سابق سیکرٹری خوراک نسیم صادق سے ہے جنھوں نے صوبائی وزیر خوراک کو گندم کی برآمد کے معاملے میں ہونے والے غیر قانونی اقدامات اور بے ضابطگیوں بارے ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا۔

دستاویزات کے مطابق نسیم صادق کی جانب سے وزیر خوارک کو 18جون 2019 کو ایک خط لکھ کر گندم کی برآمد اور اس پر ٹیکس چھوٹ کے حوالے سے جائزہ لینے کی درخواست کی گئی تھی۔

اس خط میں نسیم صادق نے صوبائی وزیر خوراک کو محکمے کو یونائٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کو سود کی ادائیگی سے متعلق خط کے موصول ہونے کا ذکر تھا اورگندم کی  برآمد کے حوالے سے غیر قانونی اقدامات اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ٹیکس واجبات کے حصول کے لیے مجرمانہ طور پر حقائق چپھائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

چینی بحران پرایف آئی اے رپورٹ سازش، عمران سے پہلے جیسے تعلقات نہیں رہے: جہانگیر ترین

ایف آئی اے نے یو اے ای میں مزید 96 پاکستانیوں کی جائیدادوں کا سراغ لگا لیا

آٹابحران: مسابقتی کمیشن کی کارروائی، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

خط میں معاملے کی تحقیقات پر زورسمیت فوڈ ڈائریکٹر کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا بھی ذکر تھا۔

خط میں مزید بتایا گیا کہ معاملے سے متعلق بنکوں میں کوئی منی ٹریل نہیں ملی اور مقامی طور پر خریدے گئے ڈالروں کی بنیاد پر ٹیکس ری فنڈز کا مطالبہ کرنا پورے معاملے کو مشکوک بناتا ہے۔

حیرت انگیز طور پراس خط کے اگلے ہی دن یعنی 19 جون 2019  کو پنجاب حکومت نے نسیم صادق کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ وہ  تقریباً دو ماہ تک سیکرٹری خوراک کے عہدے پر تعینات رہے تھے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے آٹا چینی بحران سے متعلق رپورٹ میں نسیم صادق کو بھی ذمہ دار ٹھرایا گیا ہے تاہم نسیم صادق نے اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان کو دی گئی وضاحت میں انکوائری کمیٹی کی قابلیت اور ارادوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔

سابق سیکرٹری خوراک کا دعوٰی ہے کہ مافیا اس گندم پر ٹیکس ری بیٹ حاصل کر رہا تھا جو کبھی برآمد ہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here