کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم (اوورسیز) پاکستانی ملازمین نے مارچ 2020 میں 1894.4 ملین ڈالر پاکستان بھیجے جن میں 3.8 فیصد یعنی 69.4 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے، فروری 2020 میں اوورسیز پاکستانیوں نے 1825 ملین ڈالر ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجے تھے۔
بینک دولت پاکستان کے مطابق سالانہ اعتبار سے مارچ 2020 میں موصول ہونے والے ترسیلاتِ زر مارچ 2019 کی نسبت 160.9 ملین ڈالر زیادہ موصول ہوئے جبکہ یہ ترسیلاتِ زر کی مالیت مارچ 2019 کے دوران 1733.5 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی اس طرح سالانہ اعتبار سے 9.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران اوورسیز ملازمین کے ترسیلاتِ زر 16992.6 ملین ڈالر دیکھے گئے جبکہ گزشتہ سال کے زیرِ جائزہ عرصے کے دوران ترسیلاتِ زر 16030.9 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال ان ترسیلات زر میں 960.7 ملین ڈالر اضافہ ہوا۔
مارچ 2020 کے مقابلے میں فروری 2020 میں برطانیہ کے علاوہ تمام ممالک کے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے۔
سعودی عرب، یو اے ای اور امریکہ سے باالترتیب 452.3 ملین ڈالر، 420.4 ملین ڈالر اور 352.4 ملین ڈالر کے ترسیلاتِ زر موصول ہوئے۔ ان ترسیلاتِ زر میں فروری 2020 کے مقابلے میں باالترتیب 7.2 فیصد، 8.6 فیصد اور 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تاہم برطانیہ سے موصول ہونے والے ترسیلاتِ زر میں فروری 2020 کے مقابلے میں 2 فیصد کمی آئی ہے جبکہ برطانیہ سے 248.5 ملین ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئے۔