حکومت سگریٹ اور کولڈ ڈرنک پر ٹیکس لگانے میں ناکام

حکومتی اعلان کے بعد کابینہ نے بھی منظوری دے دی تھی مگر فیصلے کو مالیاتی بل 2019-20 میں شامل نہ کرنے کے باعث عمل درآمد نہ ہوسکا

1006

اسلام آباد: حکومت تمباکو اور مشروبات پر ٹیکس لگانے کے کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہوگئی۔

وفاقی کابینہ نے تمباکو پر 10 روپے اور  مشروبات پر  1 روپیہ ٹیکس لگانے کی منظوری دی تھی۔

حکومتی ناکامی کا انکشاف سوسائیٹی فار دا پروٹیکشن آف رائٹس آف دا چائلڈ (سپارک) کی جانب سے تمباکو پر ٹیکس لگانے کے حوالے سے صحافیوں کیساتھ گفتگو میں کیا گیا۔

سپارک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سجاد احمد چیمہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو کابینہ کے فیصلے بارے یاد دہانی کروائی تھی تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں اُٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیکسوں کے مکمل نفاذ سے 50 ارب روپے حاصل ہونگے جسے کورونا سے نمٹنے میں معاون آلات جیسا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور پرسنل پروٹیکٹو ایکویپمنٹ کی خریداری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

تمباکو کے پودے سے کورونا وائرس کی ویکسین بنانے کے تجربات جاری

اسلام آباد ائیرپورٹ سے بھاری مقدار میں برانڈڈ سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزمان کو جانے دیا گیا

کورونا وائرس: متحدہ عرب امارات میں 10 ہزار پاکستانی نوکریوں سے فارغ

مزید برآں ٹوبیکو فری کڈز پاکستان کے ملک عمران احمد کا اس بارے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سگریٹ اور کاربونیٹڈ ڈرنکس دونوں ہی مضر صحت ہیں مگر بدقسمتی سے نوجوانوں میں انکے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے دونوں مصنوعات پر ٹیکسوں کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑھی ہوئی قیمتیں نوجوانوں میں انکے استعمال کو کم کرنے میں مدد دیں گی اور ان مصنوعات کے عادی افراد جنھیں کورونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے ان کے لیے بھی انہیں خریدنا مشکل ہوجائے گا۔

ثناءاللہ گھمن جو پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹی جنرل ہیں کا کہنا تھا کہ حکومت نے پچھلے سال سگریٹ پر فی پیکٹ 10 روپے ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا  جسکی بعد ازاں کابینہ نے بھی  منظوری دے دی تھی مگر اسے مالیاتی بل 2019-20 میں شامل نہیں کیا گیا جس کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

گھمن کا مزید کہنا تھا کہ اگر سگریٹ کے ہر پیکٹ پر 10 روپے ٹیکس کا نفاذ ہوجاتا تو حکومت 40 ارب روپے کما سکتی تھی۔

واضح رہے کہ ملک عزیز ان دنوں کورونا وائرس سے نمٹنے میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں اسے مالی مسائل کا بھی سامنا ہے جس کے بارے میں صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ تمباکو مصنوعات پر ٹیکس لگا کر ان مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here