اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے پاک، افغان بارڈرز سے تجارتی سامان کی نقل و حمل کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے، یہ تجارت ہفتے میں تین دن ہوگی اور صرف ادویات اور خوراک تک محدود رہے گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں اسد عمر کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے چار اضالع کو ایران کی جانب سے اشیائے خورونوش کی ترسیل کی اجازت دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے این سی او سی کو بتایا کہ افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کو ٹیسٹنگ کے علاوہ قرنطینہ کا دورانیہ پورا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں وبا سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی 12 اپریل کو قومی رابطہ کمیٹی سے منظوری کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کی جائے گی۔
وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اجلاس کو ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں شرکاء نے کورونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں کورونا وائرس کیسز تخمینے سے کم ہیں اور یہ مثبت پیشرفت ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے وینٹی لیٹرز کی پیداوار کے لیے کلینیکل سٹڈی کمیٹی کے ساتھ رابطے کے لیے تیار کردہ کارروائی کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ، وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیر توانائی عمرایوب، وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے شرکت کی۔