جکارتہ: انڈونیشیا نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے ایشیائی تاریخ کے طویل المدتی ڈالر بانڈز جاری کر دیئے۔
انڈونیشیا پہلا ایشائی ملک ہے جس نے کورونا وائرس ریلیف اور ریکوری فنڈز کے حصول کے لیے ساڑھے 10 سال، ساڑھے 30 سال سے لے کر 50 سالہ میچورٹی کی مدت کے حامل ”پینڈیمک بانڈز“ جاری کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انڈونیشیا کی حکومت نے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ ممکنہ سرمایہ کاروں سے ابتدائی بات چیت اور مارکیٹ میں اتنی طویل مدت کے بانڈز کی خریداری کی رغبت دیکھنے کے بعد کیا۔
ان بانڈز کی خریداری کے لیے تائیوان بیس ایشین لائف انشوررز اور یو ایس فنڈ مینیجر بڑے سرمایہ کار کے طور سامنے آئے ہیں۔
بانڈز سرمایہ کاری کے معاہدوں کا عمل ورچوئل طریقہ کار سے طے پائے گا کیونکہ بین الاقوامی سفر پر پابندی ہے۔
ان بانڈز کی فروخت کے لیے سٹی گروپ، ڈوچے بینک،گولڈ مین ساچے،ایچ ایس بی سی اور سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک مقرر کیے گئے ہیں۔
انڈونیشیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2,491 ہے جبکہ 209 افراد اس موذی وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔