لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید دو افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 55 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد چار ہزار(4008) سے زائد ہو گئی، وائرس کا شکار ہونے والے 436 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں متاثرین کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 15 افراد جاں کی بازی ہار چکے ہیں۔
سندھ میں سب سے زیادہ 18 اموات ہو چکی ہیں، خیبر پختونخوا 17، گلگت بلتستان میں تین، بلوچستان اور وفاقی داراحکومت اسلام آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
فوج نے طبی سامان بلوچستان روانہ کردیا
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر پاک فوج نے بلوچستان میں طبی عملے کی مدد کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات سمیت طبی سامان روانہ کرنے کا اعلان کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کے احکامات پر بلوچستان میں کووڈ 19 کے خلاف مؤثر لڑائی لڑنے والے میڈیکل اسٹاف کی مدد کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات (پی پی ایز) سمیت طبی سامان کی ایمرجنسی سپلائی کوئٹہ کے لیے روانہ کی جارہی ہے۔
لاہور: نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے 16 گارڈز وائرس کا شکار
لاہور میں رائیونڈ کے نزدیک نجی ہاؤسنگ کے 16 سیکیورٹی گارڈز میں کوروناوائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق رائیونڈ کےقریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 16 سیکیورٹی گارڈز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد فارم ہاؤس میں موجود افرادکو کورونا ٹیسٹ کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں رینجرز اور پولیس تعینات کرکے سوسائٹی کو لاک ڈاون کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
پی آئی اے نے پائلٹس کیلئے حفاظتی کٹس چین سے منگوا لیں
قومی ایئر لائن نے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے چین سے حفاظتی کٹس درآمد کر لیں۔
پائلٹس تنظیم پالپا کے مطالبے کے بعد پی آئی اے نے فضائی عملے کے لیے حفاظتی کٹس درآمد کر لی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک سی 130 طیارے کے ذریعے یہ سامان کراچی سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔
ذرایع ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے شمالی علاقوں کی پروازوں میں یہ حفاظتی کٹس استعمال کی جائیں گی۔
دوسری طرف پالپا کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کو آپریٹ کرنے سے انکار کے بعد قومی فضائی ادارے کی انتظامیہ نے کنٹریکٹ پائلٹس کی فوری بھرتیوں پر غور شروع کر دیا ہے، ذرایع پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے منافی بلیک میلنگ کا تدارک کیا جائے گا۔