کورونا سے متاثرہ صنعتوں کے لیے سوارب روپے کا امدادی پیکج دیا جارہا ہے: مشیر تجارت

امدادی پیکج مشاورت کے بعد ترجیحی صنعتی شعبوں کو دیا جائے گا، موجودہ حالات میں کھولی جاسکنے والی صنعتوں کی فہرست تیار، تاجر برادری کیساتھ مل کر حالات پر قابو پا لیں گے: عبدالرزاق داؤد

616

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل و تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے باعث در پیش معاشی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے صنعتوں کے لیے سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت اسٹاک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد ترجیحی صنعتی شعبوں کو یہ پیکج دے گی۔

انہوں نے مقامی ٹیکسوں اور لیویز کی مد میں صنعت کاروں کے 2009 سے رکے ہوئے واجبات ادا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعت کاروں کو ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کی مد میں 30 ارب روپے جاری کرے گی تاکہ جاری بحران سے نمٹا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیے:

کیا آئی ایم ایف کی پالیسیاں واقعی پاکستانی معیشت کو تباہ کررہی ہیں؟ وزارت خزانہ کا جواب سامنے آگیا

پاکستانی معیشت کیلئے اصل نجات دہندہ کون؟ حکومت، فوج یا کوئی تیسرا؟

لاک ڈاون کے باعث پاکستانی معیشت کو 30 ارب روپے کا نقصان

انہوں نے بتایا کہ اگلے سو دنوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو 47 ارب روپے جاری کیے جائیں گے اور حکومت آئندہ بجٹ میں تمام واجبات کی ادائیگی کیساتھ صنعتی شعبے کو 200 ارب روپے کے پیکج بھی دے گی۔

انکا کہنا تھا کہ وزارت تجارت نے ان صنعتوں کی فہرست تیار کرلی ہے جنھیں موجودہ حالات میں کھولا جا سکتا ہے اور حکومت اور صنعت کار مل کر کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے حالات پر قابو پالیں گے۔

تاجروں کی جانب سے حکومتی پیکج کا خیر مقدم

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں انجم نثار نے حکومت کے اعلان کردہ سو ارب کے امدادی پیکج کا خیر مقدم کیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے معیشتوں پر بہت برے اثرات مرتب کیے ہیں یہاں تک کہ ہمارا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر یورپ بھی اس سے محفوظ نہیں رہ سکا ایسے میں حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید کا کہنا تھا کہ انکا چیمبر موجودہ حالات کے تناظر میں حکومت کیساتھ مشاورت میں شریک ہے اور جڑواں شہروں کی تاجر برادری حکومتی پیکج کو خوش آئند اقدام سمجھتی ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آغا شہاب احمد خان نے بھی موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ تاجر برادری حکومت کی مدد اور تعاون کے لیے تیار ہے۔

پشاور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز کا کہنا تھا کہ تاجر برادری اس مشکل وقت میں حکومت کیساتھ کھڑی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here