اسلام آباد: رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران سبزیوں کی برآمدات میں گزشتہ سال اسی عرصے کی نسبت 71.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 2020 جولائی سے فروری کے دوران 649183 میٹرک ٹن (236.755 ملین ڈالر) مالیت کی سبزیاں برآمد کی گئیں جبکہ مالی سال 2019 کے زیرِ جائزہ عرصے کے دوران مذکورہ برآمدات 614.716 میٹرک ٹن (138.372 ملین ڈالر) ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی اے) کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پھلوں کی برآمدات میں 1.61 فیصد اضافہ ہوا.
رواں سال یہ برآمدات 629026 میٹرک ٹن (341.007 ملین ڈالر) جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران مذکورہ برآمدات 687932 میٹرک ٹن (346.508 ملین ڈالر) دیکھی گئی تھیں۔
اسی دوران بیجوں کی برآمدات میں کمی رہی کیونکہ زیر جائزہ عرصے کے دوران اشیاء کی برآمدات صفر فیصد رہی تھی۔
اسکے علاوہ مالی سال 2020 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران گندم کی برآمدات 48883 میٹرک ٹن (11.993 ملین ڈالر)رہیں اور یہ برآمدات میں 89.68 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 515002 میٹرک ٹن (110.838 ملین ڈالر) گندم کی برآمدات ہوئی تھیں۔
یہ مدِ نظر رہے کہ مالی سال 2020 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 3.033 ارب ڈالر کی اشیائے خورونوش برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 2.875 ارب ڈالر کی اشیائے خورونوش برآمد کی گئی تھیں۔