کراچی: کوروناوائرس کی صورتحال کے پیش نظر سٹیٹ بینک نے صارفین کیلئے ہیلپ لائن کا اجرا کر دیا، صارفین بینکوں سے مناسب جواب نہ ملنے پر ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
بینک دولت پاکستان نے اُن بینک صارفین کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کیے ہیں جنہیں کورونا وائرس کی وبائی صورتِ حال کے تناظر میں غیرمعمولی دشواریوں کا سامنا ہے۔
مرکزی بینک نے کہا اگر بینک، صارفین کے سوالات یا شکایات کا جواب نہیں دے رہے ہیں تو صارفین سٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن 021-111-727-273پر رابطہ کرسکتے ہیں جو دفتری اوقات میں دستیاب رہے گی، عوام کی سہولت اور رہنمائی کے لیے سٹیٹ بینک نے اپنی ہیلپ لائن کی استعداد بڑھاتے ہوئے اپنے کال سینٹر پر مزید ایجنٹ تعینات کیے ہیں۔
سٹیٹ بینک نے عوام کو یہ تاکید بھی کی کہ جہاں تک ممکن ہو ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کریں تاکہ بینک لوگوں کے تحفظ کی خاطر کم سے کم اسٹاف کے ساتھ خدمات فراہم کرسکیں۔
مرکزی بینک نے کہا کہ ذاتی معلومات حاصل کرنے کے لیے کال کرنے والے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں، مختلف طریقوں کے ذریعے وقتاً فوقتاً عوام کو آگاہ کرتا رہا ہے کہ موصول ہونے والی فون کال یا میسج پر اپنی ذاتی معلومات جس میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر، ڈیبٹ/ کریڈٹ کارڈ نمبر، پاس ورڈ، پِن (پی آئی این)، عارضی پاس ورڈ (او ٹی پی) وغیرہ شامل ہیں، کسی کو ہرگز نہ بتائیں۔
بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک، کمرشل بینک یا کوئی اور ادارہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں بینک صارفین سے ان کے بینک اکاؤنٹس کی کوئی معلومات اکٹھا نہیں کررہا، اسٹیٹ بینک، بینک صارفین سے براہ ِراست ذاتی معلومات کبھی طلب نہیں کرتا، چنانچہ عوام کو ایک بار پھر ہدایت کی جاتی ہے کہ آنے والی کال پر ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ ایسی موصولہ کال/ میسج کی تفصیلات سے اسٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن 021-111-727-273 پر آگاہ کریں یا [email protected] پر ای میل بھیجیں۔