لاہور: ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر اور وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گھریلو صارفین کو گیس بل قسطوں میں جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔
ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق کمپنی نے مارچ کے مہینے کے بلوں کی تقسیم قسطوں کی بنیاد پر کرنا شروع کر دی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وہ صارفین جنہیں مارچ کے بل قسطوں میں ادائیگی کے بغیر موصول ہوئے ہیں، وہ کسی بھی بینک کی برانچ میں بل کی ادائیگی قسطوں میں کروا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ایس این جی پی ایل نے تمام بینکوں کو آگاہ کر دیا ہے۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ یہ سہولت صرف گھریلو صارفین کو فراہم کی گئی ہے اور جن صارفین کو دوہزار روپے سے زائد گیس کا بل آیا انہیں جنرل سیلز ٹیکس سے بھی استثنا دیا جائے گا۔